سیڈا آبپاشی اصلاحات کو جامع انداز میں نافذ کر رہا ہے،قبول محمد شاہ کھٹیاں
حیدرآباد (گردو پیش) سندھ اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (سیڈا) کے بورڈ کا اجلاس چیئرمین قبول محمد کھٹیان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیڈا سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر پریتم داس، سیکرٹری خرم عزیز شیخ، ممبران تاج محمد ڈاہری، قادر نواز میمن، میر مقبول ٹالپر، ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی شیر محمد نوناری، چیف واٹر پی اینڈ ڈی محمد احسان لغاری، خیرپور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رسول بخش مہر، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر نظیر احمد میمن ، ڈاکٹر بخشل لاشاری ایریا واٹر بورڈ کے ڈائریکٹرز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مختلف ایجنڈا پر غور کیا گیا اور منظوری دی گئی۔ بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے سیڈا کے چیئرمین قبول محمد کھٹیان نے کہا کہ سیڈا آبپاشی اصلاحات کو جامع انداز میں نافذ کر رہا ہے، جس میں کسانوں کو فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ آبپاشی کے تعاون سے پانی کے بل کو ڈیجیٹلائز کرنے اور اسے نارا کینال ایریا واٹر بورڈ میں الیکٹرانک بلنگ میں منتقل کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ اس سے پانی کے بل کی وصولی صاف اور شفاف ہو جائے گی اور ساتھ ہی کسانوں کو بینک میں جمع کرانے کی سہولت بھی میسر آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیڈا اور ایریا واٹر بورڈ کے ملازمین گزشتہ دو دہائیوں سے کنٹریکٹ پر ایک ہی پوسٹ پر کام کر رہے ہیں جنہیں عدالت نے مستقل کرنے اور سیڈا کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد پینشث اور ترقی دینے کا حکم دیا ہے۔ جن کو ٹھیک کرنے اور تمام حقوق دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر پریتم داس نے کہا کہ ملازمین کو سیڈا کی حدود میں مستقل کیا گیا ہے جو سرکاری ملازمین کے طور پر کام کریں گے اور بورڈ کے پاس انہیں مقرر کرنے کا اختیار ہے۔ جنرل منیجر صادق خاصخیلی نے بورڈ کو نارا کینال میں پانی کے بل کی ڈیجیٹلائزیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایریا واٹر بورڈ کے ملازمین کو حتمی شکل دینے، سیڈا کے ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ اور دیگر مراعات کی منظوری سمیت مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران ارکان نے فیصلوں کی مکمل حمایت کی ،
