الیکشن کمیشن نے جلدبازی میں جھرلو الیکشن کروائےظفر احمد صدیقی
حیدر آباد(بیوروگردوپیش) متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے کہاہے کہ جعلی بلدیاتی انتخابات کے خلاف ایم کیو ایم ہر محاذ پر آواز اٹھائے گی کیونکہ یہ بلدیاتی الیکشن عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتے الیکشن کمیشن نے جلدبازی میں جھرلو الیکشن کروائے۔
وہ ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر جوائنٹ آرگنائزرز سمیت ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ غیر منصفانہ حلقہ بندیوں کے تحت ھونے والے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا تناسب بھی ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے نا ہونے کے برابر تھا،
اس جعلی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے بھی الیکشن کمیشن اور آر آوز کے خلاف دہائیاں دے رہے ہیں ایم کیو ایم نے اس جعلی حلقہ بندیوں کے خلاف تمام تر شواہد ہر فورم پر پیش کئے لیکن کسی بھی سطح پر یہ نہیں کہا گیا کہ ایم کیو ایم کے پیش کردہ حقائق غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تسلیم کیا کہ حلقہ بندیاں غلط ہوئی ہیں لیکن الیکشن کمیشن اپنی غلطی کو سدھارنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ھوئے جھرلو الیکشن کروانے کا مرتکب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا 24 فروری کو پکا قلعہ گراؤنڈ میں ہونے والے احتجاجی جلسہ عام میں عوام کی شرکت یہ ثابت کر دے گی کہ حیدرآباد اور کراچی کی حقیقی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم ہے، بارہ فروری سے کراچی کا غیر معینہ مدت کے لئے دھرنا بلدیاتی انتخابات کے کالعدم قرار دینے کے لئے کیا جا رہا ہے۔