گیس کی لوڈشیڈنگ نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں ، سرشام ہی گیس کی بندش سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے عمران قریشی
حیدرآباد(گردوپیش) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں ، سرشام ہی گیس کی بندش سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے،
گیس کی بندش سے اکثر و بیشتر لوگ راتوں کو کھانا بازار سے خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں ، اوپر سے گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امپورٹیڈ حکومت کے آنے کے بعد جس طرح سے ملکی صورتحال ابتری کی طرف جاچکی ہے اس کے اثرات صرف اور صرف غریب عوام پر پڑ رہے ہیں،آج ہرطرف سے معیشت کی زبوں حالی کی بات کی جارہی ہے جس کی ذمہ دار صرف اور صرف امپورٹیڈ حکومت ہے جس نے رجیم چینج کے نام پر صرف اپنے مقدمات تو ختم کروائے لیکن نا اس کا ملک کو فائدہ ہوا اور نہ ہی عوام کو کوئی فائدہ پہنچا ۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کیخلاف لانگ مارچ کرنے والی پی ڈی ایم کی جماعتیں آج کیوں خاموش ہیں ، اب وہ اس مہنگائی پر کیوں احتجاج نہیں کررہی ہیں۔
ہر آنے والے دن کے ساتھ مہنگائی میں اضافہ او رملکی معیشت بدحالی کا شکار ہورہی ہے۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوچکے ہیں ملک میں بہتری کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ فوری طورپر عام انتخابات کرائے جائیں ، اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کیا جائے تاکہ غیر یقینی کی صورتحال کا خاتمہ کیا جاسکے اور غریب عوام کو کسی نہ کسی طورپر ریلیف ملے.