سیکریٹری جامعات و بورڈ عباس بلوچ و کمشنر حیدرآباد فیاض حسین کا گورنمنٹ کالیج یونیورسٹی کا دورہ
حیدرآباد(گردوپیش) سیکریٹری جامعات و بورڈز عباس بلوچ اور کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان سے ملاقات کی اس موقع پر رجسٹرار، ڈینز اور مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے ملاقات کے دوران تعلیمی ترقی، ادارہ جاتی بہتری اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سیکریٹری جامعات و بورڈز اور کمشنر حیدرآباد نے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں قائم کیے گئے نئے سیمینار ہال کا افتتاح کیا جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی اسکل پروگرام کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کا مقصد طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری عباس بلوچ نے اساتذہ اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ادارے کی بہتری کے لیے سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ بڑی توقعات کے ساتھ جامعات میں داخلہ لیتے ہیں اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی صلاحیتوں کو نکھاریں اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنائیں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ دونوں کی پختہ عزم ناگزیر ہے، دونوں حکام نے یونیورسٹی میں جاری اقدامات اور پیش رفت کو سراہا اور ادارے کی مزید ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
