حیدرآباد گردوپیش)سابق سینیٹر،سابق وفاقی وزیر اور اے سی ایم گروپ آف کمپنیز کے بانی اور چیئرمین طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان چند ارب ڈالرز کے لیے دوسرے ممالک اور آئی ایم ایف جیسے اداروں کے آگے ہاتھ پھیلاتی ہے جبکہ اگر حکومت پاکستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کو مکمل سہولیات دیں تو وہ اس سے کہیں زیادہ ریونیو جنریٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک تناور درخت ہے اور اس کی شاخیں کاٹ کر ہم کبھی بھی اسکو ترقی نہیں دے سکتے ہم سب کومل کر اس کی ترقی کے لیے اپنا اپنا حصہ ملانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اور سینیٹر ہوتے ہوئے بھی انہوں نے ہمیشہ تاجروں کے لیے سہولیات اور بزنس کے نئے مواقع پیدا کرنے حتی الامکان کوششیں کی ہیں اور حکومت کی کبھی تاجر دشمن پالیسیوں کی فیور نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کے بڑے مسائل میں سے ایک حکومت کے کام کی ترجیحات ہیں اور پالیسیوں میں تاجروں کے تجاوزات کو شامل نا کرنے سے تسلسل بھی شدید کمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سیکریٹریٹ میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ آنے والے بجٹ سے تاجروں کو بہت امیدیں ہیں اور آنے والے دنوں میں ملک میں استحکام اور کاروباری ماحول بھی بہتر ہونے ہیں جس سے یقیناً ملک کی معیشت کو سہارا ملے گا۔
اِس سے قبل حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے اے سی ایم گروپ آف کمپنیز کے عہدے داروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ طلحہ محمود کی سربراہی میں اے سی ایم نے مختلف شعبوں میں جدت اور معیار کی نئی مثالیں قائم کی ہیں اور خاص طور پر بیٹری انڈسٹری، آٹو پارٹس اور زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ میں ایک سنگِ میل عبور کیا ہے۔ اے سی ایم جیسے گروپس کی حیدرآباد شہر میں سرمایہ کاری بہت سے نئے کاروباری مواقع اور نئی ملازمتیں پیدا کریں گی اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ساتھ ملکر ایک نیا معاشی نیٹ ورک بھی تشکیل دیا جائے گا جو نا صرف مقامی ترقی کا باعث بنے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کریگا۔
اِس موقع پر نائب صدر شان سہگل نے کہا کہ پاکستان میں بے تحاشہ میڈیا چینلز ہیں لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ کسی بھی میڈیا پر کوئی آئی ٹی ٹرینگ اور ٹیکنالوجی سے متعلق پروگرامز نشر نہیں کیے جاتے جس سے پاکستان کی 60 فیصد نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف آنے میں مدد ملے۔
اِس موقع پراے سی ایم گروپ آف کمپنیز سے ڈائریکٹر محمدشمروز خان، جنرل مینیجر سیلز حسن بدر، ڈپٹی جنرل مینیجر سیلز سلمان احمد ربانی، حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سابق صدور محمد فاروق شیخانی، سلیم الدین قریشی، محمد اکرام انصاری، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی، کنونیئرز اور جنرل باڈی کے ممبران، آل حیدرآباد بیٹری ایسوسی ایشن سے نائب صدر عبد الصمد قریشی، جوائنٹ سیکریٹری محمد اشرف، انفارمیشن سیکریٹری آصف اقبال میمن، آفس سیکریٹری جاوید رشید و دیگر بھی اجلاس میں شامل تھے۔