مریم اورنگزیب کا پی ٹی آئی پر بوٹس کے استعمال سے جعلی ٹرینڈ چلانے کا الزام: ’کافی حد تک غیر مستند ٹریفک کے ثبوت، مگر پورا ہیش ٹیگ ’جعلی‘ نہیں‘
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ملک کی وہ پہلی سیاسی جماعت ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا بیانیہ ناصرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بسے ہزاروں پاکستانیوں تک پہنچانے میں دوسری جماعتوں سے کہیں آگے رہی ہے۔ شاید اسی لیے کئی افراد طنزیہ اسے ’سوشل میڈیا کی پارٹی‘ بھی کہتے آئے ہیں۔
اگر ٹرینڈز کی بات کریں تو بیشتر تجزیہ کاروں کا اتفاق ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی مقابلہ نہیں۔ میں نے اکثر لوگوں کو ازرائے مذاق یہ بھی کہتے سنا ہے کہ ’اگر پاکستان کے الیکشن بھی سوشل میڈیا پر کرا لیے جائیں تو یقیناً تحریکِ انصاف ہی جیتے گی۔‘
رواں مہینے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی اور شہباز شریف کے نئے وزیرِاعظم بننے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور کا ٹرینڈ شروع کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے مطابق اب تک چھ کروڑ سے زیادہ ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔
اس وقت بھی یہ ٹرینڈ ٹوئٹر پر نمبر ون پر ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر اسے استعمال کرتے ہوئے تقریباً 34 لاکھ ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔

