حیدرآباد گردو پیش صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سندھ میںدوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے قبل تمام تر ضروری تیاریاں مکمل کرلیں تاکہ بلدیاتی انتخابات صاف ،شفاف اور غیرجانبدارانہ ماحول میں منعقد کیے جانے کو یقینی بنایاجاسکے-
یہ ہدایت انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی
اجلاس میں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ،ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد/ڈی آر او حیدرآبادعلی عبداللہ خالد،ایڈیشنل کمشنر ٹو حیدرآباد ثنا اللہ رند،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد محمد یوسف مجیدانو کے علاوہ ڈویزن کے دیگر ڈپٹی کمشنرز/ ڈی آر اوز،ایس ایس پیز اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنرنے متعلقہ افسران اورڈسٹرکٹ رٹرننگ آفیسرزکوہدایت دی کہ وہ حیدرآباد ڈویزن میں15 جنوری 2023کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی سامان کی ترسیل اورانتخابی عملے کے لیے ٹرانسپورٹ کے بہتر انتظامات کیے جائیں-
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ پولنگ اسٹیشنزکی فہرست کے مطابق پولنگ اسٹیشنزکے دورے کرکے وہاں پانی،بجلی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں اوراگر وہاں کچھ سہولیات مطلوب ہیں توان کے متعلق بھی تفصیلی رپورٹ دیں
انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پولنگ کے روز پولنگ اسٹیشنز پر ضروری اورجان بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں
اس موقع پرڈویزنل الیکشن کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کے پولنگ اسٹیشنز پر دستیاب سہولیات ،سیکیورٹی ،سی سی ٹی وی کیمرے، یونین کونسلزکی تعداد، عملے کی تربیت، انتخابی موادکی ترسیل، انتخابی عملے کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے اور دیگر متعلقہ امور پر مشتمل پلان شیئر کیاجائے تاکہ پرامن طریقے سے صاف و شفاف بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز/ڈی آر اوز کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کیے گئے پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات کے ساتھ ساتھ حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں اور اس ضمن میں اپنا پلان تشکیل دیکر انہیں رپورٹ پیش کی جائے
انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول الیکشن کمیشن اور حیدرآبادڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ شیئر کریں جبکہ پولنگ کے روز پولنگ اسٹیشنز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے ڈویزن کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ الیکشن سے قبل اور الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کا گشت بڑھایا جائے اور سکیورٹی پلان تشکیل دیکر اسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے
اس موقع پر ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اورایس ایس پیز نے اپنے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے ضمن میں کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔
