الہان عمر: امریکی رکنِ کانگریس پاکستان کے زیِر انتظام کشمیر کیوں جا رہی ہیں اور انڈیا کو اس دورے سے کیا تشویش ہے
گردو پیش آن لائن نیوز امریکہ میں ایوانِ نمائندگان کی رکن الہان عمر پاکستان کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچی ہے
اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچنے پر پاکستان کے دفترِ خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل برائے امریکہ ملک مدثر ٹیپو نے ان کا استقبال کیا اور الہان عمر نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی ہے۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ 20-24 اپریل کے اس دورے کے دوران الہان عمر مختلف سرکاری عہدیداران کے علاوہ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی اور صوبائی دارالحکومت لاہور اور پاکستان کے زیِر انتظام کشمیر کا بھی دورہ کریں گی۔
امریکی ریاست منی سوٹا سے منتخب ہونے والی 39 سالہ الہان عمر امریکی ہاؤس آف ریپرزنٹیٹیوز (ایوانِ نمائندگان) کی تاریخ میں پہلی دو مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں جنھیں ایوان نمائندگان تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔ ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔
سنہ 2016 میں حجاب پہننے والی الہان عمر ایک ایسے وقت میں صومالی امریکین قانون ساز بنیں تھیں جب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے بیانات دے رہے تھے کہ ’صومالی تارکین وطن امریکہ میں انتہا پسندانہ خیالات کا پرچار کر رہے ہیں۔‘

