حیدرآباد (گردوپیش) سندھی زبان میں قانونی اصطلاحات اور قانونی علم کو عام فہم بنانے کے لیے نامور ایڈووکیٹ عبدالغفار ھنگورو کی جانب سے تیار کی گئی قانون کی پہلی سندھی لیگل لیکسیکون ڈکشنری کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمی، ادبی اور قانونی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مختلف مقررین نے سندھی لیگل لیکسیکون ڈکشنری کی اہمیت، افادیت اور سندھی زبان میں قانونی اصطلاحات کے فروغ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فتح محمد مری وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی جامشورو، ڈاکٹر سید سردار شاہ، ڈکشنری کے مصنف ایڈووکیٹ عبدالغفار ہنگورو، ایڈووکیٹ ایاز حسین تنیو، سید شہزاد شاہ اور ڈاکٹر ظفر جونیجو نے سندھی لیگل لیکسیکون ڈکشنری کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کیے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں سندھی زبان کی ترقی، قانونی علم کے فروغ اور قانونی اصطلاحات کو سندھی زبان میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی ڈکشنریاں سندھی زبان کے علمی اور قانونی ذخیرے میں اہم اضافہ ثابت ہو سکتی ہیں اور طلبہ، وکلا، محققین اور عام قارئین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ تقریب کے دوران سندھی لیگل لیکسیکون ڈکشنری کی تیاری اور اس کی افادیت کو سراہتے ہوئے سندھی زبان کو جدید علم، قانون اور تحقیق کے شعبوں سے جوڑنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے ڈکشنری کی تیاری میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور سندھی زبان کے فروغ کے لیے ایسے علمی منصوبوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں شریک افراد نے سندھی لیگل لیکسیکون ڈکشنری کی رونمائی کو سندھی زبان کے علمی اور قانونی سفر میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے اس کی مزید پذیرائی اور استعمال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قانون کی پہلی سندھی لیگل لیکسیکون ڈکشنری کی رونمائی کی تقریب، مقررین کا ڈکشنری کی اہمیت اور افادیت پر اظہارِ خیال،